معیاری پوسٹس کا ذخیرہ

منگل، 12 مارچ، 2019

(نظم) ڈاکٹروں کی ہینڈ رائٹنگ - شہزاد قیس


ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں طبی غلطی اور ادویات کے ری ایکشن سے سالانہ آٹھ لاکھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اموات کی یہ تعداد ہارٹ اٹیک اور کینسر جیسی موذی بیماریوں سے بھی زیادہ ہے۔

آپ خود سوچ سکتے ہیں کہ ہمارے ہاں یہ اموات کتنی زیادہ ہوتی ہوں گی۔ ان غلطیوں کی ایک نمایاں وجہ اہلِ طب کی بدنما تحریر ہے۔

خوش قسمتی سے اب اکثر فارمیسی اور لیبارٹری والے تو پرنٹر استعمال کر رہے ہیں مگر ڈاکٹروں کے ہاں اس کا رواج نہیں حالانکہ اکثر ڈاکٹروں کے نسخوں کو پڑھنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔ کیا ایسی بری لکھائی پر اہلِ طب کو خود آواز نہیں اٹھانی چاہیے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے؟۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ یا تو ڈاکٹر صاحبان اپنی اس مضر صحت عادت سے جان چھڑا کر خوش خط لکھیں یا پھر نسخہ لکھنے کے لیے پرنٹر استعمال کریں۔ یوں طبی شعبے کے وقار اور اہلیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ قیمتی جانوں کو بھی بچایا جا سکے گا۔ اس سنگین صورتحال پر مزاحیہ انداز میں روشنی ڈالنے کے لیے یہ کاوش پیش خدمت ہے۔ اسے آگے بڑھا کر آگاہی کے اس سفر میں میری مدد کریں۔ شکریہ۔


شہزاد قیس
کیکڑے کا رَقص ہے نہ اُونٹ کی تشہیر ہے
یہ تو میرے ڈاکٹر کے ہاتھ کی تحریر ہے
کیچی میچی اِن کے ایلفا بیٹس کا آغاز ہے
کچھ پڑھا جائے تو یہ خوبی نہیں تقصیر ہے
سنتے آئے تھے قلم میں جان ہوتی ہے مگر
ڈاکٹر کے ہاتھ میں پین تو نری شمشیر ہے
ڈاکٹر خوش خط لکھے تو اُس کی ڈِگری چیک کرو
دال میں کالا نہیں یہ دال میں کف گیر ہے
ہو نہ ہو اِہرام میں پٹّی شدہ فرعون کی
ڈاکٹر کی شان میں فُل زیرِ لب تحریر ہے
زِندگی بھر خامیوں سے اَپنی نا واقف رَہا
جس کسی کی آنکھ میں بھی علم کا شہتیر ہے
ٹاپ کرنے والوں کی تحریر کا یہ حشر قیسؔ
وائرسوں سے گھلتے ملتے رہنے کی تاثیر ہے

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اُردو ڈیٹا بیس کیا ہے؟

ڈیٹا بیس ذخیرہ کرنے کی جگہ کا تکنیکی نام ہے۔ اردو ڈیٹا بیس معیاری اور کارآمد پوسٹس کے ذخیرے کا پلیٹ فارم ہے، جو سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ اور فیس بک کے توسط سے پوری دنیا میں ہر روز پھیلائی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں

پوسٹس میں تلاش کریں

اپنی تحریر بھیجنے کے لیے رابطہ کریں

نام

ای میل *

پیغام *