محبت کیا ہے ؟،دل کا درد سے معمور ہو جانا |
متاعِ جاں کسی کو سونپ کر مجبور ہو جانا |
ہماری بادہ نوشی پر فرشتے رشک کرتے ہیں |
کسی کے سنگِ در کو چومنا مخمور ہو جانا |
قدم ہیں راہِ اُلفت میں تو منزل کی ہوس کیسی |
یہاں تو عین منزل ہے تھکن سے چُور ہو جانا |
یہاں تو سر سے پہلے دل کا سودا شرط ہے یارو |
کوئی آسان ہے کیا سرمد و منصور ہوجانا |
بَسا لینا کسی کو دل میں دل ہی کا کلیجا ہے |
پہاڑوں کو توبس آتا ہے جل کر طور ہوجانا |
نظر سے دور رہ کر بھی تقؔی وہ پاس ہیں میرے |
کہ میری عاشقی کو عیب ہے مہجور ہوجانا |
اتوار، 10 مارچ، 2019
محبت کیا ہے (غزل) -مفتی تقی عثمانی دامت برکاتہم
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں