معیاری پوسٹس کا ذخیرہ

جمعرات، 21 مارچ، 2019

سنو گستاخ لوگو - خان حسنین عاقبؔ



 سنو گستاخ لوگو
 ابھی ہم سو رہے ہیں
ابھی ہم کو جگانا مت
 ابھی ہم تفرقوں اور نشّۂ تفریق میں گم ہیں
ابھی ہم شجرۂ اجداد کی تحقیق میں گم ہیں
ابھی ہم شدتِ مسلک کی تابانی میں گم ہیں
ابھی ہم دولتِ دنیا، تن آسانی میں گم ہیں
 سنو گستاخ لوگو، ابھی ہم سو رہے ہیں
ابھی ہم کو جگانا مت

ابھی مغلوب ہیں ہم نغمۂ گل، چشم نرگس سے
ہمارے ذہن ہیں مخمورابھی شعری مجالس سے
گویئے اپنے احساسات کی تسکین کرتے ہیں
کوئی کل ہند نوٹنکی کبھی بے دین کرتے ہیں؟
ہماری نیند میں کوئی خلل نہ ڈالنے پائے
جو ہم سے متفق ہو، آج وہ بھی جا کے سو جائے
 سنو گستاخ لوگو، ابھی ہم سو رہے ہیں
ابھی ہم کو جگانا مت

ابھی ہم ٹی ویوں اور ویڈیو میں گم ہیں، رہنے دو
ہمیں کچھ لوگ بے حس کہہ رہے ہیں ، ان کو کہنے دو
 ابھی تک ہم مغل ہیں ، خان ہیں ، مرزا ہیں، سید ہیں 
ابھی تک چاردیواری میں ہم اپنی مقید ہیں
 سنو گستاخ لوگو، ابھی ہم سو رہے ہیں
ابھی ہم کو جگانا مت

لگی ہے آگ اگلے گھر، یہاں پہنچی نہیں ہے 
ہمارا گھر تو ہے محفوظ 
ابھی سے جلد بازی یہ بہت اچھی نہیں ہے
کہیں کچھ لوگ اپنے قتل ہوتے ہیں تو ہونے دو 

ابھی ہم سورہے ہیں ، ہم کو گہری نیند سونے دو
سنو گستاخ لوگو، ابھی ہم سور ہے ہیں 

 ابھی ہم کو جگانا مت

خیالِ وحدتِ امت ابھی تک دور ہے ہم سے 

وجودِ غیرتِ مومن بہت رنجور ہے ہم سے 
اگرچہ صورتِ تعداد میں مسلم بکثرت ہیں 
حقیقت تو یہ ہے ہم اک زوال آماده امت ہیں
 سنو گستاخ لوگو، ابھی ہم سو رہے ہیں
ابھی ہم کو جگانا مت

شائع شدہ: پیش رفت - مارچ ۲۰۱۹ء

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اُردو ڈیٹا بیس کیا ہے؟

ڈیٹا بیس ذخیرہ کرنے کی جگہ کا تکنیکی نام ہے۔ اردو ڈیٹا بیس معیاری اور کارآمد پوسٹس کے ذخیرے کا پلیٹ فارم ہے، جو سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ اور فیس بک کے توسط سے پوری دنیا میں ہر روز پھیلائی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں

پوسٹس میں تلاش کریں

اپنی تحریر بھیجنے کے لیے رابطہ کریں

نام

ای میل *

پیغام *