معیاری پوسٹس کا ذخیرہ

جمعہ، 8 مارچ، 2024

واؤ عاطفہ — لقمان شاہد

دو لفظوں کو آپس میں ملانے کے لیے جو "و" استعمال ہوتی ہے ، اِسے وَاؤ عاطِفَہ کہتے ہیں۔

اردو زبان میں واؤ عاطفہ ہر دو الفاظ کے درمیان نہیں آتی بلکہ درج ذیل باتوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے


واو عاطفہ کی شرائط

واحد جمع کی مطابقت

جن دو الفاظ کے درمیان واؤ عاطفہ لانی ہو وہ دونوں واحد ہونے چاہییں ، یا جمع۔ ایک‌ واحد اور دوسرا جمع ہو تو واؤ عاطفہ نہیں لائیں گے۔ مثلاً: حقوق و فرض ، یا حق و فرائض لکھنا غلط ہے ؛ درست: "حقوق و فرائض" ہے۔ گل و بلبلیں لکھنا غلط ہے ، درست: گُل و بلبل‌ ہے۔


الفاظ کا مآخذ

جن دو الفاظ کے درمیان واؤ عاطفہ آئے گی ، وہ دونوں الفاظ فارسی ہونے چاہییں ، یا عربی ؛ یا ایک فارسی اور دوسرا عربی ، یا ایک فارسی اور دوسرا تُرکی۔ اگر ایک‌ اردو اور دوسرا فارسی یا عربی ہو تو واؤ عاطفہ نہیں آئے گی۔ مثلاً:


¹ اَرض و سَما: دونوں الفاظ عربی ہیں۔

² اُمید و بِیم : دونوں فارسی ہیں۔

³ اُمِید و یاس: ایک لفظ فارسی اور دوسرا عربی ہے۔ (امید فارسی ، اور یاس عربی)۔ یہ ترکیب بالکل درست ہے ، جب کہ:


رنگ و روپ کہنا درست نہیں ، کیوں کہ روپ اردو لفظ ہے ، اور رنگ فارسی۔

اردو زبان کا حرفِ عطف واؤ نہیں "اور" ہے ؛ اس لیے یہ ترکیب اس طرح ہونی چاہیے:

رنگ اور روپ ، یا رنگ ، روپ۔

جیسے کسی نے اس شعر میں باندھا ہے ؎


پیسا ہی رنگ روپ ہے ، پیسا ہی مال ہے

پیسا نہ‌ ہو تو آدمی چرخے کی‌ مال ہے

(چرخے کی مال اُس ڈورے کو کہتے ہیں جو چرخے پر گھومتا رہتا ہے ، اور اس بیچارے کا کوئی پُرسانِ حال نہیں ہوتا)


اسی طرح پھول و بلبل کہنا بھی درست نہیں ، کیوں کہ بلبل عربی لفظ ہے اور پھول اردو۔ اسے یا تو گل و بلبل کہیں گے (ایک فارسی اور دوسرا عربی) یا پھر پھول اور بلبل کہیں گے۔


واو عاطفہ اور عروض

علم عروض میں واؤ عاطفہ کا اسقاط جائز اختیاری ہے ، شاعر چاہے تو اِسے گرا سکتا ہے اور چاہے تو قائم رکھ سکتا ہے۔


حالی پانی پتی کے دوشعر ہیں ، پہلے میں واؤ عاطفہ قائم ہے ، اور دوسرے میں ساقط۔ ؎


¹ حِجازی امیروں کے گھر جاکے دیکھے

خِلافت کے زیر و زَبَر جاکے دیکھے


² کوئی قرطبہ کے کھنڈر جاکے دیکھے

مساجِد کے دیوار و دَر جاکے دیکھے

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اُردو ڈیٹا بیس کیا ہے؟

ڈیٹا بیس ذخیرہ کرنے کی جگہ کا تکنیکی نام ہے۔ اردو ڈیٹا بیس معیاری اور کارآمد پوسٹس کے ذخیرے کا پلیٹ فارم ہے، جو سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ اور فیس بک کے توسط سے پوری دنیا میں ہر روز پھیلائی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں

پوسٹس میں تلاش کریں

اپنی تحریر بھیجنے کے لیے رابطہ کریں

نام

ای میل *

پیغام *